لاہور، 20 نومبر (اے پی پی): برٹش ہائی کمیشن کے تین رکنی وفد نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا سے اہم ملاقات کی، جس میں صوبائی سطح پر معاشی ترقی، ٹیکس کولیکشن کے نظام اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران پنجاب میں سیلز ٹیکس قوانین کو مزید مربوط، واضح اور قابلِ عمل بنانے میں درپیش چیلنجز زیرِ بحث آئے۔ ٹیکس وصولی میں اضافے، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور مؤثر ٹیکس مینجمنٹ کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور لائی گئیں۔
برٹش ہائی کمیشن کے وفد نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی پنجاب ریونیو اتھارٹی کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ وفد نے بینکنگ، انشورنس، ٹیلی کام، آئی ٹی اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق قوانین میں بہتری کے لیے مشترکہ ورکنگ پلان سے متعلق سفارشات بھی پیش کیں۔
اس موقع پر چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے کہا کہ صارفین سے وصول شدہ ٹیکس کو سرکاری خزانے میں جمع نہ کروانے والوں کے خلاف قوانین کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کولیکشن میں اضافے کے لیے تکنیکی ماہرین اور پی آر اے افسران پر مشتمل مشترکہ ورکنگ پلیٹ فارم تشکیل دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
چیئرمین پی آر اے نے مزید کہا کہ فیلڈ انٹیلیجنس کو بہتر بنانے کے لیے آئی ٹی بیسڈ اصلاحات کا نفاذ تیزی سے کیا جا رہا ہے، تاکہ ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔











