ملتان ، 21 نومبر (اے پی پی): ضلع ملتان میں سیلاب متاثرین کی مالی امداد کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 34 ہزار سے زائد متاثرہ گھرانوں کو امدادی رقوم کی تقسیم مکمل کر لی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے جلالپور پیر والہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور فیلڈ میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ بھی کیا جہاں اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والہ مکرم سلطان نے امداد کی فراہمی اور انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سیلاب کے فوراً بعد ریکارڈ مدت میں 61 ہزار سے زائد گھرانوں کا سروے مکمل کیا گیا، جس کے بعد ضلع میں 4 بحالی مراکز قائم کرکے فوری کیش فراہمی کا آغاز کیا گیا۔ ان کے مطابق اب تک 5 ارب روپے سے زائد کی رقم سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جا چکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ تمام متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی مکمل فراہمی تک بحالی کیمپ فعال رہیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سروے کے حوالے سے شکایات کی درخواستیں 25 نومبر تک وصول کی جائیں گی تاکہ امداد کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔











