وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کا پاکستان ٹیچر ڈویلپمنٹ کانفرنس سے خطاب

8

اسلام آباد، 21نومبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پاکستان ٹیچر ڈویلپمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تدریس ایک مقدس مشن ہے اور اساتذہ ہی قوم کے مستقبل کے حقیقی معمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استاد طالب علموں کو شناخت کا شعور دیتے ہیں، ان کی شخصیت نکھارتے ہیں اور ذہن سازی کرکے انہیں معاشرے کے ذمہ دار شہری بناتے ہیں۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ بچوں کو اردو زبان اور ہمارے تہذیبی ورثے سے روشناس کروانا اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی جنگیں قومیں کلاس رومز میں لڑ رہی ہیں، جہاں علم، مہارت اور تخلیقی صلاحیتیں اصل قوت ہیں۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ قوموں کی اصل طاقت علم اور تخلیقی صلاحیتوں سےآگاہی میں مضمر ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان نے ماضی میں سیاسی عدم استحکام کے باعث تین اہم مواقع پر ترقی کا سفر کھو دیا، تاہم اس بار پاکستان پائیدار ترقی کی اڑان بھرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے بھارت کے سات جنگی جہاز مار گرائے تھے، اور  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس حقیقت کا کئی بار ذکر کر چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب ممالک کے پیچھے امن، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل بنیادی عوامل ہوتے ہیں۔ پاکستان کو بھی نئی نسل کو جدید عالمی تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہوگا تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کر سکیں۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ مشاہدہ، تجربہ اور مطالعہ ذہن کی تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھاتے ہیں، جبکہ تعلیم کا برابر حصہ تربیت بھی ہے، جو بدقسمتی سے کمزور پڑ گئی ہے اور اسے ازسرِنو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کام کر رہی ہے جبکہ اساتذہ کی جدید تدریس، تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو نظامِ تعلیم کا بنیادی ستون بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اساتذہ کی صلاحیتوں کو مضبوط بناکر پاکستان کے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

آخر میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل معیاری تعلیم، تربیت اور اساتذہ کے ہاتھوں میں ہے، اور اگر اساتذہ جذبے اور عزم کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں تو پاکستان کی ترقی کی پرواز کو کوئی نہیں روک سکتا۔