لاہور، 21 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پی پی 168 میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کے سیکرٹری رانا سہیل مصطفیٰ نے متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے علاقے میں ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور راستوں کی فوری بحالی کے احکامات جاری کیے جبکہ گلیوں کی پختگی کے جاری منصوبوں کا موقع پر جا کر معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ فیصل ایوب کھوکھر نے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے متعلقہ محکمے کو تیز رفتار کام کی ہدایت دیتے ہوئے صاف پینے کے پانی کے منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے واٹر سپلائی لائنوں کی مرمت اور تبدیلی کے کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ عوامی فلاحی منصوبوں میں کرپشن یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دہلیز پر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر نگرانی ترقیاتی منصوبے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے مشن پر کاربندہے اور عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔











