اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے نیشنل ایج سوئمنگ چیمپئن شپ میں نوجوان تیراکوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر سوئمنگ چیمپئن شپ کے حوالے سے ہمارا روشن مستقبل ہیں، پاکستان میں دنیا کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سوئمنگ پول کی مکمل تزئین و آرائش کی جائے گی اور کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں 29 ویں نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ 2025ء (بوائز) اور 24 ویں نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ 2025ء (گرلز) کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوئمنگ مقابلوں میں نوجوانوں نے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ عالمی مقابلوں کے لئے بھی پاکستان کے روشن مستقبل کی جھلک پیش کی ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے بہترین انتظام پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انڈر 10، انڈر 12، انڈر 14 اور انڈر 16 کی تمام کیٹیگیریز میں لڑکوں اور لڑکیوں نے بھرپور سپورٹس مین سپرٹ، محنت اور لگن کا عملی ثبوت دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی دکھانے والی تیراک کرن خان کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سوئمنگ ایک ایسا کھیل ہے جس میں پاکستان نمایاں مقام حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کے باصلاحیت نوجوان مستقبل میں سیف گیمز، ایشین گیمز اور اولمپکس تک پہنچیں گے اور پاکستان کے لئے تمغے جیت کر دنیا میں اپنا نام بنائیں گے۔
عطاء اللہ تارڑ نے سوئمنگ پول میں سہولیات کے حوالے سے کہا کہ سوئمنگ پول کے موجودہ انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے لیس کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سوئمنگ پول کی مکمل تزئین و آرائش کی جائے گی اور کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔











