وفاقی وزیر ریلویز کی زیر صدارت اہم اجلاس، ریلوے میں تاریخی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار

10

اسلام آباد، 24 نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت  ریلوے سے متعلق  اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔‎اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران پاکستان ریلوے میں تاریخی پیش رفت ہوئی ہے، جو ادارے کی 78 سالہ تاریخ میں پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔

 ان کا کہنا تھا کہ ریلوے میں کیے جانے والے تمام اقدامات دیرپا اور مستقل نوعیت کے ہیں، جن کے ثمرات عوام تک جلد پہنچیں گے۔

‎محمد حنیف عباسی نے ہدایت کی کہ موجودہ رفتار کو مزید تیز کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھایا جائے، کیونکہ ریلوے میں لاپروائی یا سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔ اجلاس میں رننگ رومز اور گارڈ رومز سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی، جس پر وزیر نے ریلوے اہلکاروں کی سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے مزدور کو فیسلیٹیٹ کیے بغیر ادارہ بہتر طریقے سے نہیں چل سکتا۔

‎وزیر ریلویز نے زیرِ التواء منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے، اپ گریڈ شدہ اسٹیشنز اور ٹرینوں کی سخت نگرانی، اور ٹریک پر انجینیئرنگ رسٹرکشن (ER) مؤثر انداز میں کم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
ریلوے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت ٹرینوں کی پنکچوئیلٹی سال کی بہترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور مجموعی شرح 82 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

‎سردیوں کی دھند کے حوالے سے بھی پیشگی انتظامات اور بروقت اقدامات کی منظوری دی گئی۔‎اجلاس میں بتایا گیا کہ لاسانی ایکسپریس کی بحالی کے بعد نارووال کی عوام میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے، جبکہ لاہور–نارووال سیکشن کی مزید ٹرینوں کو بھی جلد اپ گریڈ کر کے چلایا جائے گا۔

‎وزیر ریلویز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرکے عوام کو بہتر سے بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔