وزیر اعظم  سے سعودی   مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات، تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے  پختہ عزم کا اعادہ

10

اسلام آباد،24نومبر  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے پیر کو یہاں ملاقات کی،ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے  پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سکیورٹی سمیت  دیگر تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔  وزیراعظم نے جنرل الرویلی کا خیرمقدم کیا اور برادر مملکت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ہر وقت فراہم کی جانے والی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر سعودی عرب کو سراہا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مشترکہ مذہب ، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔وزیراعظم نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ریاض کے اپنے انتہائی کامیاب دوروں کا ذکر کیا  جن کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان تاریخی سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے۔وزیراعظم نے مشترکہ تربیت، مشقوں اور مہارت کے تبادلے سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔ جنرل الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ موجودہ بہترین دفاعی اور تذویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مملکت کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔