وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی کا 11ویں کتاب میلے سے خطاب

15

اسلام آباد، 25 نومبر 2025 (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے 11ویں کتاب میلے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتاب انسان کی پہچان، تہذیب اور علمی میراث کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب اور کاغذ کی خوشبو وہ تہذیبی رشتہ ہے جو اب کم ہوتا جا رہا ہے، مگر قوموں کی پہچان علم، قلم اور تحقیق سے ہی جڑی ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دین اسلام کا پہلا پیغام ہی علم ہے اور ’’اقرأ‘‘ سے ملنے والا سبق ہمیں علم اور ذریعہ علم کی اہمیت سمجھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم مومن کی میراث ہے اور وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو خود کو بدلتے وقت کے مطابق ڈھال لیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان ایک مقصد کے تحت قائم ہوا تھا اور ہماری شناخت ہمارے ثقافتی، تہذیبی، لسانی اور دینی حوالوں سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں کیونکہ قلم کی سیاہی جب دل سے گزرتی ہے تو روشنائی بن جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دہائیوں میں دنیا تیزی سے بدلنے والی ہے اور جو قومیں علم، تحقیق اور مطالعہ سے دور ہوں گی وہ مقابلے سے باہر ہو جائیں گی۔ وزیر تعلیم نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کی روایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فیسٹیول نئی نسل کو اپنی ادبی اور فکری تاریخ سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔