اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم الزعابی کی ملاقات

42

اسلام آباد: 26 نومبر(اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم الزعابی نےپارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور مختلف شعبوں میں جاری اشتراک کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات قریبی اور برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تاریخی روابط پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عرب امارات کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں امن و ترقی کے لیے دونوں ممالک کا تعاون کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی شاندار میزبانی اور انہیں فراہم کی گئی سہولتوں پر پاکستان حکومت یو اے ای کی بے حد شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم الزعابی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ سفیر نے اعتراف کیا کہ متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہے۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال اور مشترکہ مفادات سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔