منامہ، 26 نومبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچ گئے ہیں
منامہ ائیرپورٹ پر بحرین کے ولی عہد، بحرینی افواج کے نائب سپریم کمانڈر اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ، بحرینی نائب وزیراعظم خالد بن عبداللہ الخلیفہ، بحرینی وزیر خارجہ ڈاکٹر عبد اللطیف بن رشید الزایانی اور بحرینی قیادت کے سینیئر ارکان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف 26 سے 27 نومبر تک بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم بحرین کی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، بحرین کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور بحرین کے نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ سے ملاقات شامل ہے۔
یہ سرکاری دورہ مملکت بحرین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ خوشگوار تعلقات کا عکاس ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان نتائج پر مبنی اور تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔ اس دورے سے روایتی طور پر گرمجوشی اور خوشگوار تعلقات کو تقویت ملے گی، شراکت داری کی نئی راہیں متعین ہوں گی، اور عوام سے عوام کے روابط کو گہرا کیا جائے گا، جو باہمی طور پر فائدہ مند تعاون میں حصہ ڈالے گا۔











