لاہور، 26 نومبر (اے پی پی): وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف منسٹر انیشیٹوز پر عمل درآمد اور جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو، ڈائریکٹر جنرلز زراعت اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیر زراعت نے کہا کہ کسان کارڈ فیز 3 میں مزید نئے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے گا اور آئندہ مرحلے کی حکمت عملی میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کا عمل صوبے کے 40 اضلاع میں کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، اور ہائی ٹیک میکانائزیشن سکیم میں کاشتکاروں نے بڑی تعداد میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائی ٹیک میکانائزیشن سکیم میں 2500 سے زائد جدید مشینری کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے اور آئندہ سیزن میں کسانوں کو سبسڈائزڈ قیمت پر مزید جدید مشینری فراہم کی جائے گی۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا نوجوان زرعی گریجویٹس انٹرن شپ پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے، جس کے تحت 1700 زرعی گریجویٹس فیلڈ، ایکسٹینشن، ریسرچ اور واٹر مینجمنٹ میں کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ رواں برس 1400 کھالہ جات کی لائننگ کے ہدف پر خاطر خواہ پیش رفت جاری ہے اور ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ چیف منسٹر انیشیٹوز صوبے میں زرعی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔











