ملتان، 26 نومبر (اے پی پی): ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطاالرحمن خان نے 35 ویں نیشنل گیمز کے سلسلہ میں ملتان میں جاری پنجاب بیس بال ٹیم کے تربیتی کیمپ کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر ڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر عدنان نعیم نائب صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال محمد جمیل کامران کوچ کاشف شیرازی خرم شہزاد بٹ مرزا عدنان شاہد گل ناصر حسین وقار احمد بھی موجود تھے ۔ عطاالرحمن خان نے کیمپ میں موجود کھلاڑیوں سے دستیاب سہولیات کے بارے میں پوچھا اور مینجمنٹ کمیٹی کے کیے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا، اس موقع پر انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کھیلوں کے کیمپس میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ پنجاب کے کھلاڑی کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی جدید سہولیات سے آراستہ ان کیمپوں میں تربیت حاصل کرکے نیشنل گیمزمیں صوبہ پنجاب کے لیے اپنے بہترین کھیل کامظاہرہ کریں اور میڈلز حاصل کریں، انہوں انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ان کھلاڑیوں کے لیے ہر طرح کی سہولیات فراہم کریں تاکہ یہ اپنے خطے اور ملک کانام روشن کرسکیں۔











