ملتان، 27 نومبر (اے پی پی):شاہ شمس کالونی میں واقع محمدی گراؤنڈ کی بحالی کا دیرینہ مسئلہ بالآخر حل ہونے کو ہے۔ کمشنر ملتان عامر کریم خان نے گراؤنڈ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات، صورتحال اور مستقبل کے پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر ہی ہدایات جاری کرتے ہوئے 25 برس سے خالی اور بدحالی کا شکار 6 ایکڑ اراضی کو فوری طور پر جدید پارک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر دیا۔
کمشنر نے بتایا کہ پارک کا ڈیزائن فائنل ہو چکا ہے اور ٹینڈرنگ کے بعد دسمبر 2025 کے آخر تک تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ کی بحالی سے علاقے کے لاکھوں شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور محفوظ تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔
دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خان نے بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیل کر ان کا حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ پارکس نسلِ نو کی ذہنی و جسمانی صحت کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو بہتر اور صحت مند تفریح کا حق دلوانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
دورے میں ڈی جی ایم ڈی اے سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے پارک کی جلد از جلد تعمیر کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاق کیا۔











