لاگوس،27نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے لاگوس میں ’’ بیوٹی ویسٹ افریقا 2025 ‘‘نمائش میں پاکستان پویلین کا افتتاح کر دیا ہے۔ معاون خصوصی نے پاکستانی نمائش کنندگان اور نائیجیریا کی صنعت کے اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ڈنر بھی کیا۔ نمائش میں پاکستان پولین کے افتتاح سے قبل رانا احسان افضل نے نائجیرین انویسٹمنٹ پروموشن کمیشن (این آئی پی سی) کی ایگزیکٹو سیکرٹری/سی ای او عائشہ ریمی کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں نائیجیریا کی سرمایہ کاری کے منظر نامے اور مینوفیکچرنگ، ایگرو پروسیسنگ، آئی ٹی سروسز اور لاجسٹکس جیسے شعبوں میں پاکستانیوں کی شرکت میں اضافے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے این آئی پی سی اور پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے درمیان معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے، طریقہ کار کو ہموار کرنے اور سرمایہ کاروں تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط کرنے کا بھی جائزہ لیا۔رانا احسان نے کہا کہ بیوٹی ویسٹ افریقہ(بی ڈبلیو اے)2025 میں 23 پاکستانی کاسمیٹکس مینوفیکچررز کے ایک وفد کو کو ٹی ڈی اے پی کے ذریعے سپانسر کیا گیا۔ رانا احسان نے کہا کہ فریقہ میں پاکستان کی موجودگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افریقہ کی خوبصورتی اور ذاتی نگہداشت کی مارکیٹ 2025 میں 69.53 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔نائجیریا کی تیزی سے پھیلتی ہوئی ای کامرس مارکیٹ، جس سے 2025 میں آن لائن فروخت میں 439 ملین ڈالر کے کاروبار کی توقع ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے وکٹوریہ جزیرے کے ریڈیسن بلو اینکریج میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے کمرشل سیکشن کی طرف سے دیئے گئے نیٹ ورکنگ ڈنر میں بھی شرکت کی۔پاکستانی نمائش کنندگان کے ساتھ نائجیریا کے معروف خریدار، سینئر بینکرز، کسٹم کلیئرنگ کے ایک اعلیٰ ایجنٹ اور مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف نائجیریا کے کاسمیٹکس اینڈ ڈرگس چیپٹر کے چیئرمین شامل تھے۔نائجیریا کے اسٹیک ہولڈرز نے دورہ کرنے والی کمپنیوں کو کاسمیٹکس کی درآمد، مصنوعات کی رجسٹریشن کے عمل، تعمیل کے معیارات، اور بینکنگ کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا جو پاکستانی کاروباروں کو مقامی مارکیٹ کے آپریشنل منظر نامے کے بارے میں قابل قدر بصیرت فراہم کرتے ہیں۔











