وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس

13

لاہور، 27 نومبر (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر اسد محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام صوبے کے شہروں میں جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کا بڑا منصوبہ ہے، جس کے تحت چھوٹے اور بڑے شہروں میں ڈرین اور سیوریج کی تعمیر و مرمت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ برساتی پانی کے ذخیرے کے لیے زیرِ زمین ٹینک بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پروگرام میں سڑکوں اور گلیوں کی بحالی، اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی شامل ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 13 شہروں میں ترقیاتی اسکیموں کی ٹینڈرنگ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ شہروں کی ترقی کے لیے ان کی اگلے 25 سال کی آبادی کی ضروریات بھی منصوبہ بندی میں شامل کی جا رہی ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت مرحلہ وار 200 شہروں کو میونسپل خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ ٹائم لائن کا ہر صورت خیال رکھا جائے اور یہ کہ شفافیت، معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اربن فلڈنگ کے بڑھتے مسئلے کا جامع حل فراہم کرے گا اور اس بات پر زور دیا کہ سکیموں کے دوران متعلقہ میونسپل اداروں کو بھی شریک رکھا جائے۔ وزیر بلدیات نے مزید ہدایت کی کہ ہر ترقیاتی سکیم کی پیش رفت کی تفصیل ڈیش بورڈ پر باقاعدگی سے اپ لوڈ کی جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو بطور ماڈل سامنے رکھا جائے گا اور اس پروگرام میں سامنے آنے والے چیلنجز سے سیکھ کر دیگر شہروں میں بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیوریج سکیموں میں صرف لائننگ والے پائپ استعمال کیے جائیں گے تاکہ دیرپا نتائج اور معیاری انفراسٹرکچر یقینی بنایا جا سکے۔