اسلام آباد، 28نومبر(اے پی پی ): وزارت داخلہ نے اقوام متحدہ دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم اور بین الاقوامی ہجرت تنظیم کے اشتراک سے تارکین وطن کی اسمگلنگ کے سدِباب پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا۔
کانفرنس میں 30 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، جس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر قانونی ہجرت کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ مہاجرین کی اسمگلنگ ایک عالمی چیلنج ہے، جس کا حل صرف مربوط حکمتِ عملی اور معلومات کے تبادلے سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں محفوظ اور قانونی ہجرت کے فروغ کے لیے ہمیشہ پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے، اور کانفرنس میں 30 ممالک کے نمائندوں کی شرکت ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
بین الاقوامی شراکت داروں نے پاکستان کی کوششوں کی ستائش کی اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔ کانفرنس کے دوران انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات اور بہترین تجربات کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کانفرنس سے قبل اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے علاقائی نمائندہ برائے افغانستان، وسطی ایشیا، ایران اور پاکستان ڈاکٹر اولیور اسٹولپ سے ملاقات بھی کی۔











