چیئرمین سینیٹ  سے الجیریا کے سفیرکی  ملاقات، عوامی روابط کثیرالجہتی تعاون اور باہمی تعلقات کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں،  یوسف رضا گیلانی

12

اسلام آباد،28نومبر  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں الجیریا کے سفیر براہیم رُومانی نے  پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تباد لہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) میں الجیریا کی فعال شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ الجیریا کے وفد کی شرکت پاکستان اور الجیریا کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی احترام اور مشترکہ اصولوں کی عکاس ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اعلیٰ سطحی روابط بڑھانے، باقاعدہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور بڑھتے ہوئے باہمی روابط کے اہمیت کو اجاگر کیا۔

الجیریا کے سفیر نے الجیریا کی قیادت کا خصوصی پیغام چیئرمین سینیٹ تک پہنچایا اور الجیریا کی سینیٹ کے صدر کی جانب سے چیئرمین گیلانی کو دورے کی باضابطہ دعوت بھی پیش کی۔ سفیر نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت اور ان کے وژن کو بھی سراہا اور علاقائی امن، ترقی اور تعمیری پارلیمانی روابط کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔