سکھر،01دسمبر(اے پی پی)، روہڑی میں ڈاکووں کی فائرنگ میں شہید پولیس اہلکار جہانزیب جتوئی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ، ایس ایس پی اظہر مغل، ایس ایس پی سی ٹی ڈی عبدالقدوس کلوڑ کے علاوہ سیاسی سماجی شخصیات، معززین شہر اور شہید کے ورثاءنے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں شہید کا جسد خاکی قومی پرچم میں لپیٹ کر لایا گیا، پولیس اہلکار جہانزیب جتوئی گذشتہ شب روہڑی کے علاقے نیویارڈ میں ڈاکووں سے مقابلے میں شہید ہوگیا تھا،پولیس کے چاق وچوبند دستے کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ کا کہنا تھا کہ شہید اہلکار کاخون رائیگاں جانے نہیں دیں گے، شہید کے قاتل جلد قانون کی گرفت میں ہونگے، ایس ایس پی اظہر مغل کا کہنا تھا کہ شہادت ہمارا زیور ہے اس سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہوتے ہیں، آخری ڈاکووں کے خاتمے تک ان کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔











