صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا صدر کینٹ لاہور میں ٹرنک سیوریج منصوبے کا تفصیلی دورہ، منصوبہ ساڑھے 4 ارب روپے کی خطیر لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے

8

لاہور، 03 دسمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے صدر کینٹ لاہور میں جاری ٹرنک سیوریج منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف سیکٹرز میں کام کی رفتار، ڈیزائن اور ٹیکنیکل امور کا جائزہ لیا۔ منصوبہ ساڑھے 4 ارب روپے کی خطیر لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ بریفنگ کے مطابق ٹرنک سیوریج کی کل لمبائی 7 کلومیٹر ہوگی جبکہ اس کی پمپنگ صلاحیت 125 کیوسک تک رکھی گئی ہے۔ منصوبے میں 40 فٹ گہرائی کا جدید ڈسپوزل اسٹیشن تعمیر کیا جا رہا ہے جہاں 72 انچ قطر کا پائپ نصب کیا جا رہا ہے۔ وزیر صحت کو بتایا گیا کہ منصوبہ 9 سیکٹرز پر مشتمل ہے جسے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ دورے کے موقع پر ایم ڈی واسا غفران احمد، ڈپٹی ایم ڈی محمد لطیف، ڈائریکٹر واسا شرجیل اور ایکسئین سلیمان مرزا بھی موجود تھے۔ سابق اراکین کینٹ بورڈ، سابق چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور متعدد مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنان نے بھی وزیر صحت کا استقبال کیا اور منصوبے کے مختلف مراحل سے متعلق اپنے تجاویز پیش کیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت جاری کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ علاقے کی لاکھوں آبادی کو نکاسیٔ آب کے دیرینہ مسائل سے نجات دلائی جاسکے۔ انہوں نے صدر بازار، جوڑے پل، ہربنس پورہ روڈ اور دیگر مقامات پر کام کی رفتار کا معائنہ بھی کیا۔ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے ہربنس پورہ سے کراچی پھاٹک صدر کینٹ تک ٹرنک سیوریج کا بڑا منصوبہ تیزی سے پایہ تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 153 کی لاکھوں کی آبادی کے لیے یہ منصوبہ ایک اہم تحفہ ہے جس کے لیے وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو اپنی ترجیح بنایا ہے اور یہ سفر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں مسلسل جاری ہے، جس کے اثرات پورے صوبے میں نمایاں نظر آ رہے ہیں۔