ریلوے اسکولز کی آؤٹ سورسنگ کے معاہدوں پر دستخط، وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر نگرانی سائننگ سیرمونی

10

اسلام آباد،04دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر نگرانی ریلوے اسکولز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے سائننگ سیرمونی جمعرات کو منعقد ہوئی۔

کراچی کے ریلوے بوائز اینڈ گرلز اسکول کی آؤٹ سورسنگ کا معاہدہ TYMS ایجوکیشن سسٹم کے ساتھ طے پایا جبکہ لاہور کے ریلوے گرلز ہائی اسکول مغلپورہ کا معاہدہ SAGE/DAGE ایجوکیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ہوا۔ اسی طرح لاہور کے ریلوے گرلز سینٹ اینڈریوز اسکول/کالج کی آؤٹ سورسنگ کا معاہدہ بھی SAGE/DAGE کے ساتھ طے پایا۔

کراچی اسکول کے معاہدے پر TYMS کے ڈائریکٹر طیب مرزا نے دستخط کیے اور لاہور کے دونوں اسکولوں کے معاہدوں پر ڈاکٹر ناصر محمود (SAGE/DAGE) نے دستخط کیے۔

وزارتِ ریلوے کے مطابق ریلوے اسکولز کی بہتری کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈل اپنایا گیا ہے جو پرائم منسٹر کے وژن کے مطابق عمل میں لایا جا رہا ہے۔ تینوں ریلوے اسکول—کراچی بوائز اینڈ گرلز، مغلپورہ گرلز اور سینٹ اینڈریوز گرلز/کالج-کامیابی سے آؤٹ سورس کیے جا چکے ہیں۔

نجی ادارے اسکولوں میں معیاری نصاب، تدریسی نظام اور امتحانی ڈھانچہ نافذ کریں گے جبکہ سائنسی و کمپیوٹر لیبز، کھیلوں کی سہولیات اور جدید عمارتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اسکول عمارتوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے ملازمین کے بچوں کا مستقبل اب محفوظ ہاتھوں میں ہے اور انہیں جدید معیار کے اسکولوں میں بہترین تعلیم میسر آئے گی۔ انہوں نے اس منصوبے کو روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔