وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پیرا فورس کی کارکردگی، شفافیت اور عوام دوست کردار کے حوالے سے اہم اجلاس

8

لاہور، 5 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیرا فورس کی کارکردگی، شفافیت اور عوام دوست کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔ خصوصی اجلاس میں پیرا فورس کی نگرانی، اصلاحات اور نئی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ پیش کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے  جمعہ کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں قانون پوری سختی سے نافذ ہوگا، مگر اہلکاروں کا رویہ ہمیشہ نرم، مہربان اور باعزت ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی خدمت کرنے والے ادارے عزت کماتے ہیں اور تاریخ اُنہیں یاد رکھتی ہے۔

اجلاس میں پیرا فورس کے لیے اہم فیصلے بھی کیئے گئے۔ رشوت، بدسلوکی اور غلط رویے کی کوئی گنجائش نہیں۔  پیرا فورس کی ہر کارروائی اب باڈی کیمرے میں ریکارڈ ہوگی۔وزیراعلیٰ نے پیرا فورس کے اہلکاروں کے لیے جدید ٹریننگ سیشنز شروع کرنے کی فوری ہدایت جاری کی۔ ہر شہری کے لیے تیز، محفوظ اور ماحول دوست سروس یقینی بنانے کے لیے پیرا فورس کو الیکٹرک وہیکلز فراہم کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پیرا فورس کی استعداد بڑھانے کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ پیرا ٹریننگ سینٹر قائم کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔

مریم نواز شریف نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیرا فورس عوام کے لیے اچھی خدمات سرانجام دے رہی ہے، تاہم ادارے کو مزید نیک نامی دلانے کے لیے نتائج اور شفافیت پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔ پنجاب میں سرکاری اداروں کے نظم و ضبط اور عوامی خدمت میں یہ اقدامات انتہائی اہم سنگِ میل قرار دیے جا رہے ہیں، جن سے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔