وفاقی وزیرِ داخلہ  سے قائم مقام امریکی سفیر  کی ملاقات

11

‎اسلام آباد، 6 دسمبر ( اے پی پی ): وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں انسدادِ منشیات، سکیورٹی تعاون اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

‎دونوں جانب سے منشیات کی روک تھام، انٹیلیجنس شیئرنگ اور تکنیکی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ امریکی سفیر نے انسدادِ منشیات اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف اقدامات کے لیے ہر ممکن تکنیکی معاونت کی پیشکش کی۔

‎محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے پاکستان کی واضح پالیسی ہے، اور ایئرپورٹس پر منشیات کی بروقت نشاندہی اولین ترجیح ہے۔

‎انہوں نے بتایا کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر جدید ترین اسکیننگ مشینیں نصب کی جا رہی ہیں اور انسدادِ منشیات کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

‎وزیر داخلہ  نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر نیشنل نارکوٹکس کوآرڈینیشن سینٹر جلد قائم کیا جائے گا۔ملاقات میں اے این ایف کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی ۔

‎امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اے این ایف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور ہر شعبے میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہیں اور پاکستان ان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔