وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایم–ٹو راوی ٹول پلازا اور ریور ٹریننگ ورکس کا اچانک دورہ

14

لاہور، 7 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایم–ٹو راوی ٹول پلازا کے قریب واقع ریور ٹریننگ ورکس اور روڈا پیکیج 16 کے ترقیاتی منصوبے کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہیں پراجیکٹ کی موجودہ صورتحال اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سائٹ پر چیئرمین روڈا شاہد اشرف تارڑ، سی ای او عمران امین اور سی او او بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ نے وزیراعلیٰ کو ریور ٹریننگ ورکس کے اہم تکنیکی نکات، تعمیراتی مراحل اور تکمیل سے متعلق امور پر آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے موقع پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ راوی سٹی میں ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ منصوبے کی تکمیل بروقت ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ پنجاب کا مستقبل بدلنے والا میگا پراجیکٹ ہے، لہٰذا تمام مراحل عالمی معیار کے مطابق اور شفاف انداز میں مکمل کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ورک پلان مزید مؤثر بنانے اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔