محکمہ داخلہ میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

12

لاہور 09 دسمبر: ( اے پی پی ) محکمہ داخلہ میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اجلاس کی صدارت کی۔

سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری سکول ایجوکیشن خالد نذیر وٹو، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن فرید احمد اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے شرکت کی ۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نبیلہ عرفان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز، ایڈیشنل سیکرٹری عائشہ ممتاز، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران تعلیمی اداروں کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔سیکرٹری داخلہ، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے اجلاس کو بریفنگ دی ۔

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے  اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کیلئے سکول سیفٹی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کا سکیورٹی آڈٹ بھی کروایا جا رہا ہے،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو تعلیمی اداروں میں باؤنڈری والز، گارڈز کی تربیت اور تکنیکی آلات سمیت دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں پینک بٹنز کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے،تعلیمی اداروں میں طلبہ کو پرامن تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں کی میپنگ کی جا چکی ہے،ہر تعلیمی ادارے میں ایمرجنسی نمبرز اور فوکل پرسنز کی نشاندہی کی ہدایت بھی کی گئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے تمام تعلیمی اداروں کو سکیورٹی آڈٹ بارے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سکیورٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔