اسلام آباد، 10 دسمبر)اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے امریکہ کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز، شیری کینسن ہال نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً تعلیم، سائنس اور انسانی وسائل کی ترقی کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات دیرینہ اور تاریخی نوعیت کے ہیں اور پاکستان قومی ترقی کے سفر میں امریکہ سے مضبوط شراکت داری چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی و تعلیمی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا وقت کی ضرورت ہے، جبکہ فل برائٹ پروگرام پاکستانی طلبہ کو امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے گفتگو کے دوران انسانی وسائل کی ترقی کو ملک کی حقیقی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ “بنیادی سافٹ ویئر” ہیں جو انفراسٹرکچر کو کارآمد اور مؤثر بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری یونیورسٹیاں اور اعلیٰ تعلیمی نظام کسی بھی ملک کو سپر پاور بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
احسن اقبال نے اس موقع پر بھارت کی جانب سے آبی وسائل پر یکطرفہ اقدامات کو “آبی جارحیت” قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تعلیمی شعبے میں اہم اصلاحات متعارف کرا رہی ہے تاکہ ملک مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ترقی کر سکے۔











