نیب ملتان کا انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کی مناسبت سے  سیمینار کا انعقاد

46

ملتان ، 10 دسمبر )اے پی پی) نیب ملتان نے انٹر نیشنل اینٹی کرپشن ڈے کی مناسبت سے ملتان میں سیمینار کا انعقاد کیا، جس میں زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی۔ سیمینار کا موضوع  بد عنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ  روشن مستقبل کی تعمیر تھا۔

عاصم لودھی، ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان نے معزز مہمانان اور شرکاء کو تقریب میں خوش آمدید کہا تقریب کے مہمان خصوصی  وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اور ور کس ریاض حسین پیر زادہ  تھے اس کے علاوہ  معاون خصوصی وزیر اعظم حذیفہ رحمان ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ، ڈسٹرکٹ پولیس ، دیگر سرکاری محکمہ جات کے افسران اور سکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے اساتذہ اور طلبا و طالبات نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔

ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان عاصم لودھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بد عنوانی کے خلاف کامیاب جدوجہد صرف قانون نافذ کرنے سے ممکن نہیں، بلکہ سوچ ، ذہنیت ، اخلاقیات، دیانت داری اور باہمی تعاون سے ممکن ہے۔ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے کردار ، اخلاقی قیادت اور عزم سے تشکیل پائے گا۔ نوجوان ملک کے مستقبل کے ہی نہیں بلکہ اس کی تقدیر کے بھی امین ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کا مینڈیٹ تین باہم مربوط ستونوں پر قائم ہے : آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ۔ آگاہی مہم کے تحت نیب ملتان نے جنوبی پنجاب کی 20 جامعات، 200 کالجز اور 12,500 اسکولوں میں تقریری، مضمون نویسی اور پینٹنگ مقابلوں کا انعقاد کیا۔ نیب کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی دور اندیش پالیسیوں نے ادارے کو نئی سمت فراہم کی ہے۔ چیئرمین کے وژن کے تحت اکاؤنٹیبلٹی فیسیلیٹیشن سیلز قائم کیے گئے، جن کا مقصد خوف اور بداعتمادی کو ختم کرنا ہے۔ اسی طرحبزنس فیسلیٹیشن سیلز بھی تمام بیوروز میں قائم کیے گئے ، جن کا مقصد کاروباری برادری کے مسائل کا فوری حل ہے۔ جنوبی پنجاب میں 60 سے زائد کاروباری افراد نے نیب ملتان کے بزنس میل سے رہنمائی اور استفادہ حاصل کیا۔

ڈی جی نیب نے بتایا کہ گزشتہ 18 ماہ میں عوام کا اعتماد نیب پر 40 فیصد تک بڑھا ہے۔سال 2025 میں نیب ملتان نے مجموعی طور پر 638 ارب روپے کی ریکوریز کیں۔ تھل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ٹی ڈی اے )میں 94 ارب روپے مالیت کی سرکاری اراضی ریکور کی گئی جبکہ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں 500 ارب روپے مالیت کی سرکاری اراضی میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی۔ کچھی کینال منصوبے میں نیب ملتان کے بر وقت اقدام سے نہ صرف 33 ارب روپے کے قومی وسائل ضائع ہونے سے محفوظ ہوئے بلکہ نہر کی بحالی ممکن ہوئی جس سے بلوچستان کی زمینوں تک پانی کی ترسیل ممکن ہو سکی۔پاکستان، اقوام متحدہ کے( یو این سی اے سی ) کے بانی ارکان میں شامل ہونے کے ناطے قومی و بین الاقوامی سطح پر بد عنوانی کے خاتمے کی کوششوں میں سر گرم کردار ادا کر رہا ہے۔

 مہمان خصوصی اور مہمانانِ گرامی نے بھی بدعنوانی کے معاشرتی اثرات پر روشنی ڈالی اور اس کے سد باب کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ بد عنوانی پاکستان کے معاشرتی و معاشی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کر رہی ہے، جس کے تدارک کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے نیب کی مجموعی کاوشوں اور کامیابیوں، خصوصاً نیب ملتان کی خدمات کو بھی سراہا، جو معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کے لیے انجام دی گئی ہیں۔

نیب ملتان کے آگاہی پرو گرام کے تحت مختلف تعلیمی اداروں کے مقابلوں میں نمایاں کار کردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات اور نیب ملتان کے بہترین افسران کو ان کی شاندار کار کردگی پر اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔