لاہور: 12 دسمبر (اے پی پی): لاہور میں تجاوزات اور رہائشی علاقوں میں مویشیوں کی موجودگی کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی نگرانی میں شہر بھر کی تمام تحصیلوں میں کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں جن کا مقصد ٹریفک کی روانی، صفائی اور شہری ماحول کو بہتر بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز اور انفورسمنٹ ٹیمیں جی ٹی روڈ سمیت کمرشل اور رہائشی علاقوں میں بھرپور ایکشن میں مصروف ہیں۔ تحصیل علامہ اقبال، شالامار اور راوی میں کارروائی کے دوران سڑکوں سے 8 ریڑھیاں ضبط کی گئیں جبکہ تحصیل واہگہ میں لکھن شریف سے جے سی پی واہگہ تک جی ٹی روڈ مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا۔ ٹولنٹن مارکیٹ میں آلائشیں ابالنے کی شکایات پر متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں اور سامان ضبط کیا گیا۔ اسی طرح جوہر ٹاؤن سمسانی روڈ سے مویشیوں کا انخلاء کیا گیا جبکہ رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی جانوروں کی منتقلی شروع کر دی۔
حاجی کیمپ کمرشل زون اور جی ٹی روڈ کے اطراف موجود دکانوں، حویلیوں اور فارم ہاؤسز کی تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے ہدایت کی کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور بالخصوص جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی تجاوزات سے پاک رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رہائشی علاقوں میں مویشیوں کی موجودگی برداشت نہیں کی جائے گی اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس اور دکانوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اراضی اور فٹ پاتھوں سے ریڑھیاں اور عارضی ڈھانچے بلا تاخیر ہٹائے جائیں اور آپریشن کے بعد واگزار کرائی گئی جگہوں پر دوبارہ تجاوزات نہ ہونے دی جائیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی تحصیلوں میں روزانہ کی بنیاد پر انسدادِ تجاوزات آپریشن کی نگرانی کی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہری علاقوں سے مویشیوں کا انخلاء صفائی اور حفظان صحت کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ اور شہریوں کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق لاہور کو ایک مثالی شہر بنایا جائے گا۔











