قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر کی جانب سے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے سلسلے میں آگہی واک اور سیمینار

14

سکھر۔12دسمبر(اے پی پی)قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر کی جانب سے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے سلسلے میں “نوجوانوں کے ساتھ بدعنوانی کے خلاف اتحاد، مستقبل کی دیانت داری کی بنیاد” کے موضوع پر منعقد کی جانے والی آگہی واک اور سیمینار سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوا۔

 جس کے مہمان خصوصی سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر آصف احمد شیخ تھے۔ سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل نیب محمد عامر بٹ، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی، ڈائریکٹر گمس گمبٹ رحیم بخش بھٹی نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔

 اس موقع پر عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر آصف احمد شیخ نے کہا کہ کرپشن معاشرے کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے تعلیم، تربیت، نظم و ضبط اور میرٹ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ یہ ملک عظیم قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، لہٰذا اس کی حفاظت، شفافیت اور ترقی کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈائریکٹر جنرل نیب سکھر محمد عامر بٹ نے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، اور اس کے خلاف موثر جدوجہد کے لیے باشعور معاشرہ اور فعال ادارے ناگزیر ہیں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیب سکھر بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتا رہے گا۔

 کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے  کہا کہ ہم بطور معاشرہ کرپشن کے حقیقی معنی اور اس کے اثرات سے پوری طرح آگاہ نہیں ہیں بہت سے ایسے معاملات ہیں جنہیں ہم معمول سمجھ کر برداشت کر لیتے ہیں، حالانکہ وہ بدعنوانی کی واضح شکلیں ہوتی ہیں۔

 میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن ایک ایسا ناسور ہے جس نے معاشرتی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اس کا خاتمہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہم سب مل کر مشترکہ جدوجہد کریں۔

سیمینار میں تینوں ڈویزنز کے نمایاں طلبہ و طالبات نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا، جن میں انگریزی، اردو اور سندھی تقریری مقابلے ، انگریزی و اردو، سندھی مضمون نویسی اور پوسٹر پینٹنگ شامل تھے،اس موقع پر موجود مہمانوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو سراہا ۔