کمشنر عامر کریم خان کی زیر صدارت اجلاس، زیر التواء این او سیز کے معاملات، کمرشل انفراسٹرکچر کی بہتری اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے اہم فیصلے

23

ملتان ، 15 دسمبر (اے پی پی ): کمشنر عامر کریم خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں زیر التواء این او سیز کے معاملات، کمرشل انفراسٹرکچر کی بہتری اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی اشتراک سے کام کریں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

کمشنر نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات، غیر منظور شدہ نقشوں اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ این او سی کے لیے درخواست دینے والوں کے کیسز کو قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور نئے درخواست دہندگان کے کیسز کی بروقت سماعت یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آن لائن پورٹل کے ذریعے این او سیز اور دیگر عوامی خدمات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد عوام کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانا اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ آن لائن سہولیات کے مؤثر استعمال سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

کمشنر عامر کریم خان نے واضح کیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں اور این او سی کے بغیر تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں بہتری اور تاجر برادری کی حوصلہ افزائی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت ای بز پروگرام سے متعلق عوامی آگاہی مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ای بز پروگرام کے طریقہ کار اور فوائد کے بارے میں سادہ اور آسان الفاظ میں آگاہی مواد تیار کیا جائے اور آٹھ سے دس نکات پر مشتمل یہ مواد سوشل میڈیا پر جاری کیا جائے۔ انہوں نے پی آئی ٹی بی سے تکنیکی معاونت لینے اور تیار شدہ میٹریل کو سرکاری سوشل میڈیا پیجز، پینا فلیکس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر چلانے کی ہدایت بھی کی۔

کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی سہولتوں سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو مستفید کرنا اولین مقصد ہے اور اس سلسلے میں تمام ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، سی او ایم سیز، ضلع کونسل اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔