ملتان، 15 دسمبر(اے پی پی ): ملتان کے سنٹرل اسٹیشن ریسکیو 1122 چوک کمہاراں والہ میں کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی گیس سے چلنے والے ہیٹر، کوئلے اور لکڑی کی انگیٹھیوں اور گیس لیکج کے باعث آگ لگنے اور دم گھٹنے کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جس سے قیمتی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گیس ہیٹر کی باقاعدہ صفائی اور لیکج کا وقتاً فوقتاً معائنہ انتہائی ضروری ہے۔ ہیٹر استعمال کرتے وقت کمروں میں ہوا کی آمد و رفت کا مناسب انتظام ہونا چاہیے اور کھڑکی، دروازہ یا روشن دان تھوڑا سا کھلا رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آتش گیر اشیا کو ہیٹر سے کم از کم پانچ فٹ کے فاصلے پر رکھا جائے اور جلتے ہوئے ہیٹر کو کبھی بھی کمرے میں اکیلا نہ چھوڑا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سونے سے قبل ہیٹر لازماً بند کر دیا جائے اور گیس لوڈشیڈنگ کے اوقات پر خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ گیس بند ہونے کے بعد دوبارہ آنے کی صورت میں کمرے میں گیس بھر سکتی ہے جو خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ کپڑے سکھانے کے لیے ہیٹر کے استعمال سے اجتناب کیا جائے اور ہیٹر کو صرف حرارت کے مقصد تک محدود رکھا جائے۔
اجلاس میں ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرز، کنٹرول روم انچارج میاں مدثر ضیاء اور تمام اسٹیشن کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔











