لودھراں،15دسمبر (اے پی پی ): لودھراں میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلا کر کیا۔
افتتاحی تقریب ڈی ایچ کیو ہسپتال لودھراں میں منعقد ہوئی، جہاں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرحان سعید، ڈاکٹر ریاض حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
چار روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم 18 دسمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو قطرے پلانے کے ساتھ فنگر مارکنگ بھی کی اور ٹیموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ انسدادِ پولیو ایک قومی فریضہ ہے اور اس میں والدین سمیت تمام طبقات کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور مائیکرو پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی، فرائض میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔











