وفاقی وزیرِ اویس احمد خان لغاری سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل کی ملاقات

15

اسلام آباد، 17 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ پاور اویس احمد خان لغاری سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل لیہ گٹیریس نے ملاقات کی، جس میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاور سیکٹر میں پائیدار بہتری، مالی نظم و ضبط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات پر حکومت کے عزم سے وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر کے قرضوں کی مؤثر مینجمنٹ اور مالی استحکام کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون اہم ہے۔ اویس لغاری نے بتایا کہ پاور ٹرانسمیشن سیکٹر میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مقامی سرمایہ کاروں سے رابطے جاری ہیں جبکہ اضافی بجلی کی پیداواری صلاحیت کو مرحلہ وار نظام سے نکالا جا چکا ہے اور مستقبل میں حکومت بجلی کی خریداری کو مؤثر منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کی خرید و فروخت کے لیے مسابقتی بجلی مارکیٹ متعارف کرائی جا رہی ہے جس سے شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے صاف توانائی کی جانب منتقلی، گرڈ کے استحکام اور جدید انفراسٹرکچر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں نجی شعبے کا اعتماد بحال کرنا اصلاحاتی عمل کا بنیادی ہدف ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بجلی کی طلب میں اضافے اور نجی شعبے کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے انرجی سرپلس پیکج متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ اسمارٹ میٹرز کی تنصیب نجی شعبے کی شمولیت سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت کی جائے گی۔

اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈائریکٹر جنرل لیہ گٹیریس نے کہا کہ اے ڈی بی اسمارٹ میٹرنگ، ٹیکنالوجی کے انضمام اور پاور سیکٹر میں جدید حل فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جامع اور دیرپا حل فراہم کیے جا سکتے ہیں، جو توانائی کے شعبے کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کا باعث بنیں گے۔