موجودہ دور میں ترقی کا اصل پیمانہ ذہنی صلاحیت ہے،پروفیسر احسن اقبال

14

اسلام آباد،17 دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے انٹرنیشنل ایجوکیشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ترقی کا اصل پیمانہ ذہنی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ‘‘اڑان پاکستان’’  کے ترقیاتی منصوبے میں تعلیم کو مرکزِ ترقی قرار دیا ہے کیونکہ کسی بھی ملک کی معاشی اور سماجی پیش رفت میں تعلیم بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سماجی اشاریوں میں بہتری پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور حکومت اس سمت میں مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاشی اور سماجی ترقی کے درمیان توازن پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نصاب، اساتذہ کی تربیت اور امتحانی نظام میں اصلاحات کے لیے صوبوں کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے، جبکہ مضبوط ضلعی حکومتوں کے قیام سے سماجی شعبوں میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے امن، سیاسی استحکام، پالیسی کے تسلسل اور اصلاحات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی عناصر قومی ترقی کی بنیاد ہیں۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی ترقی کی کنجی انسانی وسائل کی ترقی سے جڑی ہے اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں کیے گئے اقدامات کے نتائج وقت کے ساتھ نمایاں ہوتے ہیں۔ انہوں نے سول سوسائٹی اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ تعلیم،صحت اور آبادی جیسے اہم شعبوں کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں تاکہ پاکستان ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ سکے۔