اسلام آباد، 17دسمبر(اے پی پی ):پاک بحریہ کی چوتھی ہینگور کلاس آبدوز غازی کو چین کے شہر ووہان میں شوانگلیو بیس پر لانچ کر دیا گیا ہے۔ غازی کی لانچنگ کے ساتھ ہی پاک بحریہ نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا ہے جہاں چین میں زیر تعمیر چاروں آبدوزیں اب سخت سمندری آزمائشوں سے گزر رہی ہیں اور پاکستان کے حوالے کیے جانے کے آخری مراحل میں ہیں۔
حکومت پاکستان نے چین کے ساتھ آٹھ ہینگور کلاس آبدوزوں کے حصول کے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت، چار آبدوزیں چین میں تعمیر کی جا رہی ہیں اور باقی چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ ، ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی (ٹی او ٹی) کے تحت تعمیر کرے گی۔
ان آبدوزوں کو جدید ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس کیا جائے گا جو اسٹینڈ آف رینج میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہینگور کلاس آبدوزیں خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں اہم ثابت ہوں گی۔
افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک کے سینئر حکام نے شرکت کی جس میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا مظاہرہ کیا گیا۔











