پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی  کے زیرِ اہتمام سکھر ایئرپورٹ پر فل اسکیل ایئرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز “سیف سکائی – 25” منعقد

52

سکھر،18دسمبر(اے پی پی): پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے زیرِ اہتمام بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر پر فل اسکیل ایئرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز “سیف سکائی – 25” منعقد کی گئی، اس موقع پر فائر فائٹنگ و ریسکیو آپریشن کے فرضی مظاہرے میں ایئرسائیڈ مینجمنٹ، پی اے اے کے مختلف ڈپارٹمنٹس کے عملے نے میڈیکل، فائر فائٹنگ و ریسکیو، زخمیوں کی فوری طبی امداد، جبکہ شدید زخمیوں کی بذریعہ ریسکیو 1122 اور ایدھی ایمبولینسز اسپتال روانگی سرگرمیوں کا مظاہرہ کیا گیا۔

فل اسکیل آپریشن میں پی آئی اے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، ریسکیو 1122، ایدھی، سول اسپتال، سکھر بلڈ بنک اسپتال، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، سندھ پولس، ٹریفک پولس و دیگر نے حصہ لیا، اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران اور میڈیا نمائندگان نے فرضی آپریشن کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے  میڈیا سے  بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سکھر اور گردونواح کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ جلد سکھر ایئرپورٹ بین الاقوامی ایئرپورٹ بننے جا رہا ہے، جس سے یہ آسانی میسر ہوگی کہ بیرون ممالک جانے کے لیے لوگوں کو کراچی ایئرپورٹ جانا نہیں پڑے گا، اور وہ براہ راست بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر سے استفادہ حاصل کر سکیں گے، مسافر سکھر سے ہی براہ راست عمرے اور حج کے لیے سعودیہ روانگی اور وطن واپسی کر سکیں گے۔

کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے پیشگی طور تیار رہنا نہایت ضروری ہوتا ہے، ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے یہ فرضی آپریشن یقیناً اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف محکموں کا اس فرضی آپریشن میں حصہ لینے کا عمل دیکھ کر اچھا لگا، محکموں کی آپس میں بہتر کوآرڈینیشن سے اچھے نتائج اخذ ہوتے ہیں۔

مینیجر بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سعید عباسی کا کہناتھا کہ سکھر ایئرپورٹ پر فل اسکیل آپریشن ہر دو سال بعد منعقد کی  جاتی ہے، اور فرضی آپریشن کا مقصد مشینری، اپنے عملے کی صلاحیتوں کو چانچنا اور ایمرجنسی کے پیش نظر پیشگی طور پر تیار رہنا ہے۔شرکاء نے متعلقہ اداروں کی فائر فائٹنگ، ریسکیو و میڈیکل سروسز کی عمدہ کارگردگی کو سراہا۔