اسلام آباد،18دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جڑواں شہروں میں دو مزید ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل اور عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبے نہ صرف راولپنڈی اسلام آباد بلکہ پاکستان بھر سے آنے والے عوام کیلئے فائدہ مند ہیں، عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں اقبال فلائی اوور/ٹی چوک فلائی اوور،اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء ، ارکان اسمبلی ، سی ڈی اے و ضلعی انتظامیہ کے حکام، کنٹریکٹرز اور مقامی عمائدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ وزیر اعظم نے وزیر داخلہ، ان کی ٹیم اور کنٹریکٹرز کو شاندار منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی سہولت کے لئے یہ منصوبے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں بہارہ کہو ، ایف نائن ، سرینا چوک، رسول چوک، مارگلہ چوک، طیب اردوان فلائی اوور اور انڈر پاسز سمیت کرنل شیر خان کوریڈور، میٹرو بس سروس جیسے منصوبے نہ صرف جڑواں شہروں کے باسیوں بلکہ پاکستان بھر سے آنے والے عوام کیلئے فائدہ مند ہیں ۔ انہوں نے تجاوزات کا خاتمہ کرکے منصوبے کی جلد تکمیل کی راہ ہموار کرنے والے افسروں کو بھی شاباش دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو سفر کی بہترین سہولتوں کی فراہمی خوش آئند ہے۔ انہوں نے شفافیت اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے آگے بڑھنے اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی چوک میں ٹریفک جام کا مسئلہ معمول تھا، ایکسپریس وے کے ساتھ سروس روڈ کا منصوبہ بھی جلد شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی ترقی کے لئے وژن 2027 پر عمل پیرا ہیں، دو سال بعد ایک نیا اسلام آباد دیکھنے کو ملے گا، منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا رہے ہیں، شاہین چوک منصوبہ بھی اختتامی مراحل میں ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کے باسیوں کیلئے پانی کا مسئلہ حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے اقبال فلائی اوور ٹی چوک، اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور کا افتتاح کیا۔ انہوں نے منصوبے کا معائنہ بھی کیا اور وزیراعظم کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ راولپنڈی، اسلام آباد کے درمیان ٹریفک کے بہاؤ میں روانی کے لئے منصوبے کو 77 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور اس پر ایک ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔











