سی ڈی اے اور آئی ایف سی کے مابین معاہدے پر دستخطوں کی تقریب

14

اسلام آباد ، 19 نومبر ( اے پی پی): سی ڈی اے اور ورلڈ بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) مابین معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کا انعقاد ہوا ۔ تقریب میں سیکٹریری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، ممبر پلاننگ و ڈیزائن، ریجنل ڈائریکٹر(آئی ایف سی) کے علاوہ سی ڈی اے اسلام آباد واٹر اور آئی ایف سی کے دیگر اعلیٰ افسران  نے شرکت کی۔

معاہدے کے تحت آئی ایف سی اسلام آباد واٹر ایجنسی کو  پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف منصوبوں میں اپنی تکنیکی معاونت فراہم کریگا۔ اس ضمن میں آئی ایف سی اسلام آباد میں پانی اور سیوریج سے متعلقہ تین منصوبوں کیلئے اپنی ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز فراہم کریگا۔ ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کرنے کیلئے سی ڈی اے بورڈ اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ بورڈ سے پہلے ہی اصولی منظوری لی جاچکی ہے۔

اسلام آباد واٹر کے ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے کیلئے ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز متعلقہ قوانین کے تحت حاصل کی جارہی ہیں اور ان منصوبوں  کی تکمیل سے اسلام آباد میں پانی اور سیوریج کے نظام سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ اسلام آباد میں صاف  پانی کی بہتر فراہمی، پانی کے میٹروں کی تنصیب، نان ریونیو واٹر کو کم کرنا ان منصوبوں کا اہم حصہ ہیں۔

اسی طرح واٹر پمپس کو انرجی ایفیشنٹ بنانے اور سیوریج لائنوں بشمول سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مرمت و بحالی کے اقدامات بھی انہی منصوبوں کا حصہ ہیں۔ان منصوبوں کی تکمیل سے سی ڈی اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جس کو اسلام آباد میں بہتر پانی کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا ۔

اس موقع پر چئیرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان منصوبوں کی تکمیل سے مانیٹرنگ سسٹم میں بہتری اور پانی کے ضیاع پر قابو پانے میں مدد ملے گی،  اسلام آباد واٹر کی تمام تنصیبات اور واٹر پمپس کی مانیٹرنگ  کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا جس سے پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو صاف پانی اور سیوریج سسٹم کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،ملاقات میں  ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی) کی تکنیکی صلاحیتوں، تجربات و استعداد کار سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔