ملتان ،22دسمبر (اے پی پی):ملتان میں گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے سرکاری محکموں کو واضح اہداف دے دیے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی صدارت میں ضلعی محکموں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی فلاحی منصوبوں اور جاری ترقیاتی سکیموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ کھلے مین ہولز اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی مرمت فوری طور پر مکمل کی جائے جبکہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور پٹرول یونٹس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام محکمے باہمی تعاون، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شہر کی بیوٹیفکیشن اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبوں کے لیے اضافی فنڈنگ فراہم کی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔











