وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “پولیو فری” وژن کی تکمیل کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک

9

لاہور، 22 دسمبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “پولیو فری” وژن کی تکمیل کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک،معاون خصوصی عظمیٰ کاردار اور ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مبصرین نے شرکت کی۔ڈی سی آفس میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سی ای او ہیلتھ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کے زیر اہتمام پولیو مہم کے تمام اہداف کامیابی سے مکمل کر لیے گئے۔پولیو مہم کے دوران تمام اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے، عالمی ادارہ صحت کے مبصرین نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور مانیٹرنگ پر اظہار اطمینان کیا۔عالمی ادارہ صحت کے مبصرین نے لاپتہ بچوں کی کوریج میں نمایاں بہتری کو سراہا ۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سات روزہ مہم کے دوران لاہور میں 22 لاکھ 63 ہزار 69 بچوں کو قطرے پلائے گئے،تمام پولیو ورکرز کی فیلڈ میں حاضری اور مائیکرو پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا ۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کو پولیو سے پاک کر کے دم لیں گے، لاہور میں پولیو مہم کی کوریج اور ٹیموں کی کارکردگی انتہائی اطمینان بخش ہے،انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز ہمارے ہیروز ہیں جو سخت موسم میں بھی قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں،عالمی اداروں کی جانب سے مہم کی شفافیت اور معیار کی توثیق ہماری کامیابی ہے،شہری قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے سرکاری مہمات میں ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، عظمیٰ کاردار نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پولیو مہم کے تمام مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنایا گیا۔

 ڈپٹی  کمشنر لاہور  نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈی ڈی ایچ اوز نے فیلڈ میں پولیو ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی،پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام متعلقہ محکموں نے مل کر بہترین کام کیا،پولیو کے خاتمے کیلئے فرنٹ لائن ورکرز کی محنت اور لگن لائق تحسین ہے، انہوں نے کہا کہ حالیہ مہم کو لاہور کی کامیاب ترین انسداد پولیو مہم قرار دیا جا سکتا ہے،پولیو کا خاتمہ ہماری نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔