لاہور:22 دسمبر ( اے پی پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “ستھرا لاہور مشن” اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے میونسپل سروسز و ایل ڈی پی کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل سٹی کا دورہ کے دوران کیا۔چیف آفسیر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی حکام و دیگر ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے ناگرہ روڈ، یتیم خانہ اور ملحقہ علاقوں میں صفائی و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیااسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے نے میونسپل سروسز و جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی سکیموں پر کام جاری ہے۔ناقص صفائی سمیت سیوریج مسائل کی نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے اظہار برہمی کیا اور واسا حکام کو سیوریج جبکہ ایل ڈبلیو ایم سی حکام کو صفائی انتظامات کیلئے فوری اقدامات لینے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے دوران رکاوٹ بننے والی تمام تجاوزات اور تھڑے فی الفور مسمار کیے جائیں، ایل ڈی پی کے تحت بننے والی گلیوں کی سطح ہم وار اور گلیوں کی پیکنگ یقینی بنائی جائے واسا حکام کھلے مین ہولز کو ڈھانپنے اور نکاسی آب کیلئے فوری اقدامات کریں ۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام متعلقہ محکمے کوآرڈی نیشن بہتر بنائیں نیسپاک جاری ترقیاتی کاموں کے معیار اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کرےترقیاتی منصوبہ جات مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضانے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،شہریوں کی سہولت کیلئے ترقیاتی کام دیرپا اور مضبوط ہونے چاہئیں، تجاوزات کے خاتمے سے گلیوں اور بازاروں میں نکھار لایا جائے گا۔











