کمشنرملتان ڈویژن کا ہیڈ محمد والا روڈ پر جاری شجرکاری اور بیوٹیفکیشن منصوبے کا تفصیلی دورہ

9

ملتان،23 دسمبر(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ہیڈ محمد والا روڈ پر جاری شجرکاری اور بیوٹیفکیشن منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے تجاوزات کے خاتمے کے بعد گرین بیلٹس پر جاری شجرکاری کام کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ پودوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور ان کی مؤثر حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ہیڈ محمد والا روڈ کی گرین بیلٹس پر شجرکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے جس سے علاقے کی خوبصورتی اور ماحولیاتی معیار میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے فیضِ عام نرسری چوک کی گرین بیلٹ پر آم، شہتوت، کچنار سمیت مختلف پھل دار درخت لگانے کے عمل کو سراہتے ہوئے پھل دار درختوں کی حفاظت کے لیے باڑ لگانے کا حکم بھی دیا۔

دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے نانڈلہ چوک کا بھی معائنہ کیا اور نانڈلہ چوک سے اعوان چوک تک شجرکاری اور بیوٹیفکیشن کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی کو واضح ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر کنال روڈ پر نئی گرین بیلٹ قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی، جس سے سڑک کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی حسن میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہر میں گرین بیلٹس کا قیام حکومت کی ماحولیاتی پالیسی کا اہم حصہ ہے اور ان منصوبوں پر معیار اور تسلسل کے ساتھ کام کیا جائے گا۔ دورے کے موقع پر ایم ڈی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی کریم بخش اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔