امریکن سکھ وفد کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات، اقلیتوں کے حقوق اور بین المذاہب ہم آہنگی پر اعتماد کا اظہار

8

لاہور، 24 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے “سکھ آف امریکہ” کے سات رکنی وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت بانی چیئرمین چند ہوک کر رہے تھے۔

 ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ اور وفد کے درمیان پنجابی زبان میں گفتگو ہوئی جسے وفد نے خوش آئند قرار دیا۔ امریکن سکھ وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبوں، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ وفد نے پنجاب میں سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ کو تاریخی اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون نے سکھ برادری کی مذہبی شناخت اور روایات کے احترام کو یقینی بنایا ہے۔

وفد نے پنجاب میں کرسمس کی تقریبات کے پُرامن انعقاد، پنجابی زبان کے فروغ اور پنجابی سائن بورڈز کی تنصیب پر بھی اظہارِ مسرت کیا۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ امریکہ سے آئے سکھ بھائیوں سے ملاقات ان کے لیے خوشی اور اعزاز کا باعث ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کی سکھ برادری کا پنجاب اور پاکستان کے لیے محبت اور احترام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سکھ برادری کا پنجاب میں موجود مقدس مقامات سے گہرا جذباتی تعلق اور پاکستان سے اٹوٹ رشتہ ہے۔

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ بقائے باہمی اور ہم آہنگی کے فروغ میں سکھ برادری کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے۔ مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں سکھ ورثے کے تحفظ کو فرض سمجھ کر ادا کیا جا رہا ہے اور 56 تاریخی گوردواروں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں گوردواروں کی دیکھ بھال اور مرمت تیزی سے جاری ہے تاکہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

 وزیراعلیٰ نے اقلیتوں کی فلاح اور معاشی بحالی کے لیے 75 ہزار اقلیتی کارڈ کے اجرا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کمیونٹی میں تحفظ کے احساس کے بغیر پنجاب کی ترقی کا سفر مکمل نہیں ہو سکتا۔ سکھ یاتریوں کے لیے سکیورٹی، نقل و حرکت اور دیگر سہولیات کو مثالی بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں یومِ پیدائش کی تقریبات کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں یاتریوں کی آمد پنجاب کے لیے اعزاز ہے، جو مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور مشترکہ ورثے کی عکاس ہے۔

 وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب آنے والے ہر سکھ کی حفاظت، سہولت اور آسانی حکومت کی ذمہ داری ہے اور خواہش ہے کہ ہر سکھ یاتری پنجاب سے خوشگوار یادیں لے کر واپس جائے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سکھ میرج ایکٹ نافذ ہے، جس کا مقصد سکھ برادری کی مذہبی شناخت اور عقائد کا احترام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے تاریخی اور قابلِ قدر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سکھ برادری کی مذہبی سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پاکستان کو امن، آشتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکز کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتی ہے۔