وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت مثالی گاؤں پروگرام کا جائزہ اجلاس

12

لاہور، 24 دسمبر (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت مثالی گاؤں پروگرام کے جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی (پی آر ایم ایس سی) کی اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق دیہات میں جدید شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے پنجاب کی دس ڈویژنوں کے 469 دیہات کا انتخاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سرگودھا کے 38، ساہیوال کے 44، گوجرانوالہ کے 55، گجرات کے 47، ملتان کے 62، ڈی جی خان کے 39، شیخوپورہ کے 47، راولپنڈی کے 56، بہاولپور کے 47 اور فیصل آباد کے 34 دیہات شامل ہیں۔ ذیشان رفیق نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پی آر ایم ایس سی کی جانب سے 336 دیہات کے لیے ٹینڈرز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 114 دیہات میں کام ایوارڈ بھی ہو چکا ہے۔ متعلقہ علاقوں میں انجینئرز اور سب انجینئرز کی تعیناتی مکمل کر لی گئی ہے۔

وزیر بلدیات کے مطابق مثالی گاؤں پروگرام کے تحت دیہات میں واٹر سپلائی، سیوریج اور گلیوں کو پختہ کرنے کی اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔ ہر مثالی گاؤں میں روایتی چھپڑ کی بحالی، پارکس کی تعمیر اور گلیوں میں خوشنما رنگوں والی ٹائلز کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے پی آر ایم ایس سی کو ہدایت کی کہ گلیوں میں معیاری اور خوبصورت ڈیزائن والی ٹائلز لگائی جائیں اور دیہات کی گلیاں لاہور کی طرز پر پختہ کی جائیں۔ ذیشان رفیق نے عزم کا اظہار کیا کہ اگلے ہفتے سے مثالی گاؤں پروگرام کے فیز ٹو پر کام شروع کر دیا جائے گا اور کسی بھی مثالی گاؤں میں کوئی گلی کچی نہیں رہنی چاہیے۔