پاکستان سب کا مشترکہ ہے، تمام شہریوں کو برابر کے حقوق اور مذہبی آزادیاں حاصل ہیں، ، وزیر اعظم شہباز شریف

32

اسلام آباد۔25دسمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے زندگی کے ہر شعبے میں مسیحی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سب کا مشترکہ ہے، تمام شہریوں کو برابر کے حقوق اور مذہبی آزادیاں حاصل ہیں ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں کرسمس کے موقع پر وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ کے پیغمبر تھے جنہوں نے انسانیت کو ظلم و جبر سے نجات دلائی، دست شفا بنے اور انسانیت سے محبت، امن اور احترام کا پیغام عام کیا۔ آج دنیا کو اس پیغام پر عمل کرنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، انکا قابل قدر تاریخی کردار طب، دفاع وطن ، عدلیہ، تعلیم ، صحت سمیت زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں نظر آتا ہے،  مئی میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے چھکے چھڑا دیئے ، پاک فضائیہ حرکت میں آئی اور دشمن کے سات طیارے گرائے تو سیسل چوہدری کی یاد تازہ ہوگئی ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے خطبات میں اقلیتوں کی مذہبی آزادیوں پر زور دیا، یہ ہمارے آئین کا حصہ ہے ، مسلم لیگ ن اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کو احترام اور عزت دی، رائیونڈ میں ان کیلئے تقریباًت منعقد کیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہارون ولیم نے دشمن سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تو انہوں نے فیلڈ مارشل کے ہمراہ ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو مذہب کے نام پر من مانی نہیں کرنے دیں گے  اور کسی بھی شہری سے زیادتی پر قانون حرکت میں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر پر ہم سب نے شانہ بشانہ آگے بڑھنا ہے، وزیر اعظم نے مسیحی برادری کے سرکردہ رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کیلئے کرسمس پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

قبل ازیں وزیر مملکت برائے  بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان میں ہندو، مسیحی، سکھ سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ برابر کے شہری ہیں ، اقلیتیں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں

رکن قومی اسمبلی نیلسن عظیم نے کہا کہ مسیحی برادری کیلئے وزیراعظم ہاؤس میں تقریب خوش آئند ہے ، وزیر اعظم کا شکریہ جنہوں نے اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کیا، کرسمس امن محبت اور درگزر کا پیغام دیتا ہے ، تقریب سے مسیحی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔