نائب وزیرِاعظم وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش ، کرسمس کے موقع پر پیغام

13

اسلام آباد،25دسمبر  (اے پی پی):نائب وزیرِاعظم وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس  2025  کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم بانی  پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کا یومِ پیدائش منانے کے ساتھ ساتھ اپنے مسیحی ساتھیوں کے تہوار ،کرسمس کی تقریبات بھی منا رہے ہیں یہ مشترکہ موقع اُس  جامع وژن اور اخلاقی بنیادوں کی عکاسی کرتا ہے جن پر پاکستان قائم ہوا تھا۔

 وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نہ صرف ہماری آزادی کے معمار تھے بلکہ غیر متزلزل اصولوں اور غیر معمولی بصیرت کے حامل ایک عظیم مدبر بھی تھے۔ انہوں نے پاکستان کو ایک ایسی جمہوری ریاست کے طور پر دیکھا جہاں مساوات، تکثیریت اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا احترام بلاامتیاز مذہب،رنگ و نسل کے ہو۔ 11

 اگست 1947 کی اپنی تاریخی تقریر میں انہوں نے واضح طور پر فرمایا کہ ریاست کسی شہری کے درمیان کوئی فرق روا نہیں رکھے گی۔ اقلیتوں کے حقوق، مساوات اور مذہبی آزادی کا تحفظ ہمارے آئین اور قومی تشخص کا بنیادی ستون ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میں آج کے دن کی مناسبت سے  مسیحی ہم وطنوں کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مذہبی آزادی، مساوات اور تکثیریت کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہوں، جیسا کہ ہمارے بانیانِ پاکستان کا تصور تھا اور  جو ہمارے آئین میں بھی جھلکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مسیحی ساتھیوں نے تعلیم، صحت، عوامی خدمت اور قومی دفاع کے شعبوں میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں اور ہمیشہ خلوص، حب الوطنی اور وقار کے ساتھ ملک کی خدمت کی ہے۔کرسمس امن، ہمدردی، قربانی اور انسانیت سے محبت جیسی آفاقی اقدار کی علامت ہے۔ یہ تمام اقدار اسلامی تعلیمات اور قائدِ اعظم کے تصورِ پاکستان سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔