ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کے زیر اہتمام کرسمس ڈے کی مناسبت سے خصوصی تقریب

14

ملتان 25 دسمبر )اے پی پی):ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کے زیر اہتمام کرسمس ڈے کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کریم بخش نے مسیحی برادری کے ہمراہ کیک کاٹا اور انہیں کرسمس کی مبارکباد دی۔ تقریب میں مسیحی برادری کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ باہمی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے جذبے کو سراہا گیا۔

دریں اثنا ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کے زیر اہتمام گلِ داؤدی کی تین روزہ نمائش جاری ہے۔ نمائش کے دوسرے روز قوالی نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قوال فنکاروں نے شاندار پرفارمنس پیش کی جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ خوبصورت اور دیدہ زیب لائٹس نے نمائش کے حسن کو مزید دوبالا کر دیا۔

شرکاء نے ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں شہریوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔