چوہدری شجاعت حسین سے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کی ملاقات، ملکی امن و مذہبی امور پر تبادلۂ خیال

12

لاہور، 25 دسمبر (اے پی پی): صدر پاکستان مسلم لیگ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ملک و قوم کے لیے ان کی لازوال خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اور ان کے خاندان نے ختمِ نبوت اور دین کی خدمت کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک حسین کے دورِ وزارتِ مذہبی امور میں حج کے بہترین، شفاف اور مثالی انتظامات کیے گئے اور حجاج کرام کو کسی قسم کی رشوت دینا نہیں پڑی۔ انہوں نے چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین کی عوامی خدمات کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے بغیر سرمایہ کاری کا فروغ ممکن نہیں اور افواج پاکستان و سکیورٹی ادارے امن کی فضا برقرار رکھنے کے لیے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں، جن کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے۔

صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین نے محکمہ اوقاف میں اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن، مزارات و مساجد کی تزئین و آرائش، داتا دربار کے توسیعی منصوبے کی پیش رفت اور محکمہ کی اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کی مہم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ علماء کرام کی مشاورت سے قرآن بورڈ اور علماء بورڈ تشکیل دیا جا رہا ہے اور قرآن کمپلیکس کو دینی علوم کے فروغ کے لیے فعال کیا جائے گا۔ چوہدری شافع حسین نے محکمہ اوقاف کو ہر قسم کی کرپشن سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔