فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں کرسمس کی تقریبات میں شرکت

11

راولپنڈی۔25دسمبر  (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں کرسمس کی تقریبات میں شرکت کی اور اس خوشی کے موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری کے قائدِاعظم کے وژن کو اجاگر کیا اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو پاکستان کے نظریے کی بنیادی اساس قرار دیا۔

 اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے قومی ترقی اور سلامتی کے لیے پاکستانی مسیحیوں کی پائیدار خدمات کو سراہا جن میں پاکستان کی مسلح افواج میں نسل در نسل ان کی قابلِ فخر اور نمایاں خدمات شامل ہیں۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کے تنوع، مساوی مواقع اور مذہب، نسل، ذات اور عقیدے سے بالاتر مشترکہ آئینی اقدار میں مضمر ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے آئینِ پاکستان میں درج تمام شہریوں کے وقار، تحفظ اور مساوی حقوق کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل کے دورے پر اظہارِ تشکر کیا اور وطن کے دفاع، شمولیت، مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے فروغ میں افواجِ پاکستان کے کردار کو سراہا۔