ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کا صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ

33

ملتان،27 دسمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے صفائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے گلی محلوں میں پیدل چل کر شہریوں سے ملاقات کی اور صفائی کے انتظامات بارے براہِ راست استفسار کیا۔

ڈپٹی کمشنر کو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کی جانب سے جاری صفائی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں شہر بھر میں ویسٹ کلیکشن، عملہ کی حاضری اور آپریشنل اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ ڈی سی نے مرکزی بازاروں، گلیوں اور گنجان آباد علاقوں سے کوڑا کرکٹ ترجیحی بنیادوں پر اٹھانے کی ہدایت دیتے ہوئے شہر بھر میں نئے کنٹینرز اور ڈرمز نصب کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

محمد نعمان صدیق نے عملہ صفائی کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صفائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر روڈ واشنگ اور سکریپنگ کا ٹاسک بھی تفویض کیا تاکہ شہر کو صاف اور خوبصورت بنایا جا سکے.

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت 1139 پر درج کروائیں تاکہ بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ دورے کے دوران منیجر آپریشنز انوار الحق نے بھی صفائی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔