وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت لودھراں شہر کی بیوٹیفکیشن کا آغاز

12

لودھراں ،27 دسمبر (اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لودھراں شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لیے بیوٹیفکیشن منصوبے پر عملی پیش رفت شروع کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ کے افسران شہر کی بیوٹیفکیشن کے لیے متحرک ہو گئے ہیں۔

اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سید وسیم حسن شاہ اور لیاقت علی گیلانی نے بیوٹیفکیشن ایکسپرٹس کے ہمراہ شہر کے مختلف مقامات کا تفصیلی دورہ کیا اور اہم شہری سائٹس پر بیوٹیفکیشن سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران شہر کے انٹری گیٹس کی تزئین و آرائش، مختلف چوکوں پر سجاوٹ اور آرائشی منصوبوں پر مشاورت کی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن شاہ نے کہا کہ بیوٹیفکیشن کا مقصد لودھراں شہر کی خوبصورتی کو چار چاند لگانا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ ماہرین کی آراء اور جدید آئیڈیاز کی روشنی میں بیوٹیفکیشن منصوبے کو حتمی شکل دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہوں پر برقی قمقموں، چوراہوں پر فاؤنٹینز اور انٹری گیٹس سمیت اندرونِ شہر روشنیوں کے خصوصی انتظامات پر بھی غور جاری ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ شہری خوبصورتی کے لیے مختلف جدید آئیڈیاز پر کام کیا جا رہا ہے اور عوام کو روشن، صاف ستھرا اور جاذبِ نظر ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیوٹیفکیشن منصوبہ مکمل ہونے کے بعد لودھراں شہر کا تشخص مزید نکھر کر سامنے آئے گا اور شہریوں کے ساتھ ساتھ آنے والے مہمانوں کو بھی خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔